تحریر : ٹیم (مشن آگاہی فاٶنڈیشن)
فوٹوگرافی : سردار سعید احمد
گِدھ ماحولیاتی نظام میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ مردار خور پرندے ہیں جوکہ قدرت میں صفائی کا عملہ ہیں اور ہمارے ماحول میں کم مطلوبہ چیزوں سے چھٹکارا پانے میں مدد کرتے ہیں۔ گِدھ گوشت خور ہیں ، لیکن زندہ شکار کے بجائے وہ تلاش کرکے مردہ جانوروں کو کھاتے ہیں یا شکاریوں کے پیچھے چھوڑا ہوا شکار کھاتے ہیں۔ ان کے اس خصوصی کردار کی بدولت یہ ماحول میں موجود آلائشوں کو ختم کرتے ہیں. زمین کی اوپری سطح کو صاف رکھتے ہیں اور پانی کے ذرائع کی حفاظت میں بھی کردار ادا کرتے ہیں ۔ یہ ہماری غذائی زنجیر کا اہم حصہ ہیں. یہ مردہ جانوروں کو کھاتے ہیں، جس سے تعفن نہیں پھیلتا اور مردہ اجسام جلد ہی تحلیل ہو جاتے ہیں.
گِدھوں کو مذہبی اہمیت:۔
گِدھ کی 23 انواع کو دو گروپس اولڈ ورلڈ اور نیو ورلڈ میں تقسیم کیا گیا ہے. گِدھ مذہبی، معاشی اور ماحولیاتی لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے. ہمارے ماحول کو صاف ستھرا اور بیماریوں سے پاک رکھنے میں گِدھ بہت بڑا کردار ادا کرتا ہے۔ یہ گلے سڑے گوشت کو بھی آسانی سے ہضم کر سکتے ہیں اور ان تمام بیماریوں کو بھی جھیل سکتے ہیں، جو کسی اور جاندار کے لئے مہلک ہوتی ہیں. دنیا میں بہت سے مذاہب میں مردہ کو پہاڑ کی چوٹی پر چھوڑ دیا جاتا تھا جسے گِدھ آ کر کھا جاتے تھے اور بدبو نہیں پھیلتی تھی لیکن جب گِدھ کی آبادی میں کمی واقع ہوئی تو مجبور ہو کر انھیں بھی اپنے مردے دفنانے پڑ گئے. شمالی امریکا میں اسے محبت کی علامت سمجھا جاتا ہے کیوں کہ انکے جوڑے اکھٹے رہتے ہیں اور ماں اپنے بچوں کو بہت قریب رکھتی ہے. ہندو مذہب میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ انکے دیوتا جاتیو اور اسکے بھائی سمپتی گِدھ کے روپ میں تھے اور ان کے ساتھ قربانی اور جرات کی داستانیں جڑی ہیں.
پاکستان میں گِدھ کی انواع:۔
پاکستان میں گِدھ کی آٹھ اقسام پائی جاتی ہیں جن کی تیزی سے نسل کشی ہو رہی ہے۔ انکے نام یہ ہیں۔
White rumped Vulture, Himalayan Griffon Vulture, Indus Vulture, Slender billed Vulture, Ruppells Vulture, Cape Vulture, White backed
Vulture & European Griffon Vulture.
گِدھ کی تعداد میں کمی:۔
برصغیر پاک و ہند میں گدھ کی تعداد میں کمی2001-1993 کے درمیان 95 فیصد سے زیادہ رپورٹ کی گئی جسکی وجہ جانوروں کے لئے سوزش کو کم کرنے والی دوا Diclophenac sodium اور برقی جھٹکے ہیں. گِدھ جب ایسے جانور کا گوشت کھاتے تھے جسکو Diclophenac sodium دی گئی ہو تو انکے گردے فیل ہو گئے جو کہ انکی موت کی وجہ بنے. گدھ خود شکار نہیں کرتا بلکہ مردار کی تلاش میں ہفتوں بھوکا رہتا ہے جس کے نتیجے میں ان کی تین انواع میں پچانوے سے ننانوے فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔گِدھ کی تعداد میں کمی کی وجہ سے کتے جب مردہ اجسام کھاتے ہیں تو ان میں Rabies Dog نامی بیماری بھی پھیل رہی ہے. اگرچہ گِدھ ایک خوبصورت پرندہ نہیں ہے لیکن یہ ہمارے ماحول کے لئے نہایت اہم ہے. گِدھوں کی عدم موجودگی سے انسانوں اور جانوروں میں تیزی سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ھے اور ماحول کی بقاء کے لئے ان کا تحفظ ہنگامی طور پرضروری ہے۔
“گِدھوں کی نسل کو معدومیت سے بچائیں”